وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے خطرہ ٹلنے والی بات کی تردید کرتا ہوں، خطرہ اب بھی موجود ہے، ہماری بھی تیاری مکمل ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کی طرف سے خطرہ ٹلنے والی بات کی تردید کرتا ہوں، خطرہ 100 فیصد موجود ہے، ہماری بھی تیاری مکمل ہے، ہمارا سپہ سالار فرنٹ سے لیڈ کر رہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کا دباؤ موجود ہے، اس دباؤ کا کیا نتیجہ نکلتا ہے، 2،4 روز میں واضح ہو جائے گا، پہلگام حملے میں کوئی سچائی نہیں ہے، اگر سچ ہوتا تو بھارت تحقیقات سے کیوں بھاگ رہا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاک فوج کے سپہ سالار فرنٹ سے لیڈ کر رہے ہیں، وہ اپنی مثال سے فوج کے حوصلے بڑھا رہے ہیں، آرمی چیف نے تمام محاذوں کا دورہ کیا ہے، جوانوں کے ساتھ گھلنے ملنے سے اعتماد کی فضا میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری افواج کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی، بھارت بہت بڑے دھچکے کیلئے تیار رہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وطن کے ساتھ مشروط وفاداری کا اظہار صرف پی ٹی آئی ہی کر سکتی ہے، باقی تمام جماعتیں پاکستان کے ساتھ ہے، ایسی حرکتیں نہ کرتا تو آج بانی باہر ہوتا۔ میں ایسے موقعوں پر یہ گفتگو نہیں کرنا چاہتا کیوں کہ ان کا رویہ سب کے سامنے ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پہلگام واقعے کی تحقیقات کا کہا تو بھارت کے غبارے سے ہوا نکل گئی،عطاء تارڑ
خواجہ آصف نے بتایا کہ پیر کو قومی اسمبلی کا سیشن ہے اس میں اس موضوع پر بحث ہوگی، جیسے سینیٹ میں ہوئی ہے اس کے بعد جوائنٹ سیشن کی ضرورت پڑی تو جوائنٹ سیشن بھی کریں گے۔





