بھارت سے ہمیں ہر وقت ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بھارت سے ہر وقت ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، بھارت کی جانب سے ممکنہ حملے کی اطلاع پر قوم کو آگاہ کیا گیا، اور اگر بھارت نے کوئی بھی حرکت کی تو اسے بروقت اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہوسکتا ہے بھارت کا حملے کا ارادہ ہو جو بعد میں ملتوی کردیا گیا ہو، لیکن پاکستان کسی بھی صورتحال کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے پاکستان کے پانی کا رخ موڑنے کی کوشش کی تو اسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پانی پاکستان کی لائف لائن ہے، اور اس پر کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے مشیر داخلہ نے کہا کہ بھارت عرصے سے یہ منصوبہ بنا کر بیٹھا تھا اور حالیہ پہلگام واقعے کی آڑ میں اس معاہدے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو تین مقاصد کے لیے استعمال کیا: سندھ طاس معاہدے کی معطلی، مقبوضہ کشمیر میں مزید مظالم، اور پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم کو عالمی برادری سے چھپانے کے لیے صحافیوں کو رپورٹنگ سے روک رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں تین دہائیوں کے دوران مسلسل حادثات نے بھارتی فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا پول کھول دیا

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اس وقت قومی یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہیں۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے پر تمام جماعتوں نے حمایت کا اظہار کیا ہے، اور سفارتی سطح پر بھی سرگرمیاں جاری ہیں۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ یہ وقت سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر قومی مفاد میں متحد ہونے کا ہے، اور پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور پانی کے حقوق کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جائے گا۔

Scroll to Top