بٹگرام کی بیوہ ماں کی فریاد، 15 سالہ بیٹے کی بازیابی کے لیےوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مدد کی اپیل کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بٹگرام سے تعلق رکھنے والی ایک بیوہ خاتون نے اپنے 15 سالہ لاپتہ بیٹے کی بازیابی کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔ خاتون نے آئی جی پنجاب، وزارت داخلہ، اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی درخواست کی ہے کہ ان کے پانچ ماہ سے لاپتہ بیٹے، صدام، کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔
بیوہ ماں نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ان کا کمسن بیٹا صدام حسین یکم دسمبر 2024 کو راولپنڈی کے ایک ہوٹل سے پراسرار طور پر لاپتہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 25 جنوری 2025 کو نیو تھانہ راولپنڈی میں گمشدگی کی ایف آئی آر درج کروائی، مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ تاحال کوئی عملی پیش رفت یا تفتیشی عمل دیکھنے میں نہیں آیا۔
صدام کی والدہ کا کہنا تھا کہ وہ خود ہوٹل اور اس کے اطراف میں بیٹے کی تلاش کے لیے گئیں، مگر ہوٹل انتظامیہ نے نہ صرف اُن کے ساتھ بدتمیزی کی بلکہ انہیں دھکے دے کر باہر نکال دیا اور پولیس کو بلا کر علاقے سے زبردستی ہٹوا دیا۔
خاتون نے انتہائی دکھ اور کرب کے عالم میں کہا کہ ایک بیوہ ماں کے لیے اس سے بڑا المیہ کوئی نہیں کہ اس کا بیٹا لاپتہ ہو اور ریاستی ادارے خاموش تماشائی بنے رہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز سے اپیل کی کہ ایک ماں کی فریاد پر فوری ایکشن لیا جائے اور ان کے بیٹے کو بازیاب کرایا جائے۔