آسٹریلیا کے موجودہ وزیراعظم انتھونی البانیز نے عام انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے مسلسل دوسری مرتبہ تین سال کیلئے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔
آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز دو دہائیوں میں پہلے آسٹریلوی رہنما ہیں جنہیں مسلسل دوسری بار عوامی مینڈیٹ حاصل ہوا ہے۔
لیبر پارٹی نے ہفتے کے روز ہونے والے انتخابات میں غیر متوقع طور پر بڑی پارلیمانی اکثریت حاصل کی جب کہ اپوزیشن لبرل پارٹی کے سربراہ پیٹر ڈٹن شکست کھاتے ہوئے اپنی نشست ڈکسن بھی گنوا بیٹھے، ان کی نشست لیبر پارٹی کی علی فرانس نے جیتی۔
چھ ہفتے جاری رہنے والی انتخابی مہم کے دوران عوامی توجہ مہنگائی، عالمی معاشی دباؤ، اور قومی خودمختاری جیسے اہم موضوعات پر مرکوز رہی۔
انتھونی البانیز نے اپنی فتح کی تقریر میں قوم سے وعدہ کیا کہ وہ عالمی غیر یقینی کے اس دور میں ملک کو استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاح حج کے ایام میں مقدس مقامات کا سفر نہیں کر سکیں گے، سعودی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی حج ایڈوائزری
آسٹریلیا کے سرکاری نشریاتی ادارے اے بی سی کے مطابق لیبر پارٹی ایوان نمائندگان میں 85 نشستیں جیتنے کے قریب ہے جو اکثریت کے لیے درکار 76 نشستوں سے کہیں زیادہ ہیں، تاہم سینیٹ میں تاحال مکمل نتائج سامنے نہیں آئے اور ممکن ہے کہ قانون سازی کے لیے لیبر پارٹی کو چھوٹی جماعتوں یا آزاد ارکان کی حمایت درکار ہو۔





