پاکستان سے بھارت پہنچ کر خبروں کی زینت بننے والی سیما حیدر ایک بار پھر میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئیں، لیکن اس بار معاملہ نہ محبت کا ہے، نہ سرحد پار کہانیوں کا، بلکہ کالا جادوکا ہے ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک شخص سیما حیدر اور ان کے شوہر سچن مینا کے گھر میں زبردستی داخل ہو گیا، جس نے گھر میں گھستے ہی دعویٰ کیا کہ ’’سیما اور سچن نے مجھ پر کالا جادو کیا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ملزم کو گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت تیجس کے نام سے ہوئی ہے، جو بھارتی ریاست گجرات کا رہائشی ہے اور ذہنی بیماری میں مبتلا بتایا جا رہا ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق تیجس نے تفتیش کے دوران دعویٰ کیا کہ سیما اور سچن نے کالا جادو کے ذریعے اسے ربپورہ علاقے کی طرف کھینچ لیا۔ تاہم پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ یہ شخص ذہنی طور پر غیر متوازن لگتا ہے اور اس کے دعووں میں کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا۔
یاد رہے کہ سیما حیدر، جن کا تعلق پاکستان سے ہے، نے 2023 میں اپنے چار بچوں کے ہمراہ نیپال کے راستے بھارت میں داخل ہو کر سچن مینا سے شادی کی تھی۔ دونوں کی پہلی ملاقات 2019 میں آن لائن گیم پب جی پر ہوئی تھی، جو بعد میں دوستی، محبت اور پھر شادی میں تبدیل ہو گئی۔ سیما حیدر نے بھارت آ کر ہندو مذہب اختیار کر لیا تھا اور اب وہ سچن کے ساتھ مستقل رہائش پذیر ہیں۔





