رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے قدرتی وسائل، خصوصاً توانائی کے وسائل، کا استحصال کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے کہا ہے کہ غیر ملکی طاقتیں پاکستان کے قدرتی وسائل پر قبضہ کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں معدنی وسائل پر جنگیں لڑی جا چکی ہیں، اور پاکستان کو بھی انہی وسائل کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
پشاور کے نشتر ہال میں آرٹ نمائش کے دوران خطاب کرتے ہوئے شاندانہ گلزار نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے قدرتی وسائل، خصوصاً توانائی کے وسائل، کا استحصال کیا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ’’خیبرپختونخوا وہ صوبہ ہے جو اپنی توانائی پیدا کرتا ہے، مگر بدقسمتی سے یہاں کی عوام کو خود بجلی نہیں فراہم کی جاتی۔‘‘
شاندانہ گلزار نے مزید کہا کہ قدرتی وسائل کی اہمیت کے پیش نظر غیر ملکی طاقتیں ہمارے وسائل پر قابض ہونے کی کوششیں کر رہی ہیں، اور ان کے اس عمل سے پاکستان کو اقتصادی طور پر نقصان پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کی توانائی اور معدنی وسائل کی حفاظت کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ بیرونی مداخلت کا مقابلہ کیا جا سکے۔
شاندانہ گلزار کا یہ بیان اس وقت آیا ہے جب عالمی سطح پر قدرتی وسائل کے لیے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے آثار ہیں، اور پاکستان کے معدنی اور توانائی کے وسائل پر نظریں جمی ہوئی ہیں۔