پاکستان کی بڑی سفارتی پیشرفت، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تیاری

پاکستان نے بھارت کی جانب سے کیے گئے جارحانہ اور غیر ذمہ دارانہ اقدامات کے تناظر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں فوری ایکشن کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے عالمی سطح پر سفارتی رابطوں کو تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، بھارت کی اشتعال انگیزی اور سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی جیسے اقدامات کے سنگین نتائج سے آگاہ کرے گا۔

پاکستانی حکام کے مطابق بھارت کی حالیہ کارروائیاں نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ بن چکی ہیں، پاکستان عالمی برادری کو ان اقدامات کے ممکنہ تباہ کن نتائج سے خبردار کرنے جا رہا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے حکام کو ہنگامی بنیادوں پر بریفنگ تیار کرنے اور سلامتی کونسل کے ارکان سے رابطے بڑھانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جاتی امرا میں قومی سلامتی سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس، دوست ممالک کی حمایت خطے کیلئے گیم چینجر قرار

پاکستان نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ خطے میں قیام امن کے لیے فعال کردار ادا کرے اور بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کا پابند بنایا جائے۔

اس اقدام کو پاکستان کی ایک بڑی سفارتی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عالمی برادری کو بھارت کے غیر قانونی و جارحانہ رویے سے آگاہ کرنا اور خطے میں قیام امن کے لیے بین الاقوامی کردار کو متحرک کرنا ہے۔

Scroll to Top