پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی نے پاک بھارت کشیدگی پر حکومتی بریفنگ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پی ٹی آئی نے حکومتی بریفنگ کو غیر مؤثر قرار دے دیا، پارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ محض ایک حکومتی بریفنگ ہےجس میں قومی اتفاق رائے قائم کرنے کی سنجیدہ کوشش دکھائی نہیں دیتی۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے نہ تو تمام اہم قومی جماعتوں کو اعتماد میں لیا گیا اور نہ ہی بریفنگ میں پارٹی کے اہم قائدین خصوصاً پی ٹی آئی کو نمائندگی دینے کی نیت نظر آتی ہے۔
شیخ وقاص اکرم کے مطابق حکومت کو موجودہ حساس حالات کے پیش نظر فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانی چاہیے تھی تاکہ قومی سطح پر مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جا سکتا۔
تحریک انصاف نے واضح کیا کہ وہ ہر قسم کی دہشت گردی کی دو ٹوک الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور ملکی خودمختاری و قومی سلامتی کے لیے ہر سطح پر تیار ہے۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ کسی بھی بیرونی جارحیت کی صورت میں وہ ملک اور قوم کے دفاع میں صف اول میں کھڑی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی بڑی سفارتی پیشرفت، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تیاری
شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت ناجائز طور پر قید ہیں تاہم ان کے تمام پیغامات قومی اتحاد، استحکام اور یکجہتی پر زور دیتے رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نہ کبھی تقسیم کے حامی رہے نہ کمزوری کے، بلکہ وہی عوام کے حقیقی جذبات کی ترجمانی کرتے ہیں۔”
پی ٹی آئی کے سیکریڑی جنرل شیخ وقاص اکرم کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی وزیر کی جانب سے یک طرفہ بریفنگ کا اہتمام قومی مشاورت کی جگہ محض رسمی کارروائی معلوم ہوتا ہے، جو سنجیدہ قومی مکالمے کی ضرورت کو پورا نہیں کرتا۔





