اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے پاک بھارت کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور فوری طور پر مذاکرات کا عمل بحال کریں۔
او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں جنوبی ایشیا کی سیکیورٹی صورتحال کو تشویشناک قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار امن کے قیام کے لیے مسائل کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق حل کرنا ضروری ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں جبکہ جموں و کشمیر کا تنازع جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے۔
او آئی سی نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ رکن ممالک کے درمیان امن کے فروغ اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی بڑی سفارتی پیشرفت، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تیاری
دوسری طرف پاکستان نے بھارت کے جارحانہ اور غیر ذمہ دارانہ اقدامات کے تناظر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
پاکستان اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، بھارت کی اشتعال انگیزی اور سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی جیسے اقدامات کے ممکنہ سنگین نتائج سے آگاہ کرے گا۔





