سیکیورٹی خدشات، امریکا نے اپنے شہریوں کو بھارت کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کر دی

سیکیورٹی خدشات، امریکا نے اپنے شہریوں کو بھارت کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کر دی

امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ دونوں ممالک کا سفر کرتے وقت غیرمعمولی احتیاط برتیں۔

محکمہ خارجہ کے مطابق پاک بھارت سرحدوں پر مسلح تصادم کے خطرات موجود ہیں جس کی وجہ سے صورتحال کسی بھی وقت کشیدہ ہو سکتی ہے۔

امریکی شہریوں کو خاص طور پر بھارت کے سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں مختلف خطوں میں جرائم، دہشتگردی اور دیگر خطرات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کے سیاحتی مقامات پر پرتشدد جرائم اور جنسی حملوں کی متعدد رپورٹس سامنے آ چکی ہیں، ریاست منی پور کو پُرتشدد مظاہروں اور بڑھتے ہوئے جرائم کی وجہ سے غیرمحفوظ قرار دیا گیا ہے۔

جموں و کشمیر اور لداخ میں بدامنی اور حملوں کے خطرات بدستور موجود ہیں جبکہ وسطی اور مشرقی بھارت کے کچھ حصے دہشتگردی کی وجہ سے غیرمحفوظ تصور کیے جا رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں دہشتگرد عناصر کسی بھی وقت، بغیر پیشگی اطلاع کے حملہ کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قومی سلامتی کو بانی پی ٹی آئی کی رہائی یا شرکت سے مشروط کرنا حب الوطنی نہیں، خواجہ آصف

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بھارتی حکام نے تسلیم کیا ہے کہ ملک میں ریپ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، اس کے علاوہ بھارت کے بازاروں، سرکاری عمارتوں، شاپنگ مالز اور نقل و حمل کے مراکز کو ممکنہ دہشتگرد حملوں کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سفری فیصلے کرتے وقت ان خطرات کو مدنظر رکھیں اور سفری ایڈوائزری پر عمل کریں۔

Scroll to Top