ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ اگر پاکستان پر جارحیت مسلط کی گئی تو افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو پہلگام واقعے کے بعد قومی سلامتی سے متعلق ان کیمرہ سیشن میں بریفنگ دی۔
ان کیمرہ اجلاس میں موجودہ قومی و علاقائی صورتحال کے تناظر میں سلامتی کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا، خاص طور پر پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے پس منظر میں بریفنگ دی گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیر اطلاعات کی جانب سے بریفنگ سیشن میں تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے سیاسی قائدین کو پاک فوج کی تیاریوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے جو خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں بھرپور دفاع کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی خدشات، امریکا نے اپنے شہریوں کو بھارت کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کر دی
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے اجلاس کے دوران سیاسی قیادت کو حکومت کے سفارتی اقدامات اور ریاستی مؤقف سے بھی آگاہ کیا۔





