پاکستان میں اقلیتوں کو جتنی آزادی ہے اتنی بھارت میں بھی نہیں ہوگی، سینیٹر دھنیش کمار

لسبیلہ :سینیٹر دھنیش کمار نے کہا ہے کہ بھارت عالمی سطح پر جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتی برادری مشکلات کا شکار ہے، حالانکہ پاکستان میں اقلیتوں کو جتنی مذہبی آزادی حاصل ہے، وہ بھارت میں بھی ممکن نہیں۔

ہنگلاج ماتا مندر میں جاری سالانہ میلے کے موقع پر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے پاکستان ایک مثبت مثال ہے۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ نہیں آ سکتے تو کم از کم بھارتی سفیر ہی آکر دیکھ لیں کہ اقلیتیں کس طرح آزادی سے اپنی عبادات اور رسومات ادا کر رہی ہیں۔

ہنگلاج ماتا مندر میں سالانہ میلے کے آخری روز بھی ملک بھر سے آئے ہوئے ہزاروں یاتریوں نے روایتی جوش و خروش سے مذہبی رسومات ادا کیں۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ شرکاء کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : سیکیورٹی خدشات، امریکا نے اپنے شہریوں کو بھارت کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کر دی

واضح رہے کہ ہنگلاج ماتا کا مندر بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں کنڈملیر کے مقام پر ہنگول نیشنل پارک کے اندر، دریائے ہنگول کے کنارے ایک قدرتی پہاڑی غار میں واقع ہے۔ یہ مقام ہندو برادری کے لیے دنیا کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک مانا جاتا ہے، جہاں ہر سال بڑی تعداد میں یاتری مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے آتے ہیں۔

Scroll to Top