وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے عمان کے دورے کے دوران عمان پولیس و کسٹمز ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عمان پولیس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل حسن بن محسن الشراقی سے اہم ملاقات کی۔
اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پولیسنگ، انسداد دہشت گردی اور انسداد سمگلنگ کے لیے دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے عمان پولیس کے سربراہ کو پاکستان میں سیکیورٹی فورسز اور کسٹمز اہلکاروں کی تربیت دینے کی پیشکش کی اور کہا کہ پاکستان کے پاس بہترین سیکیورٹی اکیڈمیز موجود ہیں جہاں عمان پولیس کوسٹ گارڈز اور کسٹمز افسران کی تربیت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل حسن بن محسن کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے منشیات اور سمگلنگ مافیا کے خلاف مشترکہ اقدامات پر بات کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک مل کر ان مسائل پر قابو پانے کے لیے قریبی رابطے بڑھائیں گے۔
محسن نقوی نے عمان کے ساتھ غیر قانونی امیگریشن روکنے اور 50 ہزار پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کے فیصلے کا ذکر بھی کیا، جنہیں پانچ سال تک بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی نے عمان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان کے اصولی موقف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور خطے میں دیرپا امن کا خواہاں ہے، پاکستان کی بہادر مسلح افواج کسی بھی مہم جوئی کا پوری طاقت سے جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اسلام آباد پہنچ گئے
پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے حوالے سے محسن نقوی نے فوری اقدامات کیے اور وزارت داخلہ کے حکام کو مسائل حل کرنے کے لیے ضروری ہدایات دیں۔ پاکستانی کمیونٹی نے وزیر داخلہ کے فوری اقدامات اور مسائل کے حل کے لیے ان کی عملی کوششوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے دورے سے انہیں حقیقی امید نظر آ رہی ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کو پاکستانی سفارتخانے کے عملے سے تعارف کرایا گیا اور پاکستانی سفیر نے عمان میں پاکستانی کمیونٹی کے فعال کردار کو سراہا۔ وزیرداخلہ نے سفارتخانے کے وزیٹر بک میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔





