وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا ایل او سی کا دورہ، بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بین الاقوامی اور مقامی میڈیا کے ہمراہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا، جس دوران بھارت کے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کے لیے زمینی حقائق میڈیا کے سامنے پیش کیے گئے۔
وزارت اطلاعات نے مقامی اور عالمی میڈیا کے نمائندگان کے دورے کی سہولت فراہم کی، جس کا مقصد بھارت کی جانب سے پھیلائے گئے جھوٹے دعوؤں اور پروپیگنڈے کا پردہ چاک کرنا تھا۔ دورے کے دوران میڈیا نمائندگان کو ان مخصوص مقامات پر لے جایا گیا، جنہیں بھارت نے مبینہ دہشت گردی کے ٹھکانے قرار دیا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا کو بتایا کہ’’آج ہم نے عالمی اور ملکی میڈیا کے سامنے زمینی حقائق رکھ دیے ہیں۔ بھارت جو مقامات دہشت گرد کیمپس قرار دیتا رہا، وہ دراصل عام شہری آبادی کے علاقے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کے لیے بھی پرعزم ہے، اور پاکستان دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی یا دہشت گردانہ سرگرمیوں کی مذمت کرتا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ’’ہم نے اپنے عمل سے بارہا ثابت کیا ہے کہ ہم امن کے داعی ہیں، لیکن اپنی خود مختاری کے دفاع کے لیے ہم ہر حد تک جائیں گے۔ بھارت کو الزام تراشی سے پہلے اپنے زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ’’بھارت اپنی داخلی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر پروپیگنڈا کرتا ہے، لیکن آج عالمی میڈیا نے خود اپنی آنکھوں سے اصل حقیقت دیکھ لی ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کے سامنے واضح کیا ہے کہ وہ علاقائی امن کے لیے پرعزم ہے، تاہم کسی بھی بھارتی جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔





