ٹریول ایڈوائزری، امریکا نے شہریوں کو بھارت اور پاکستان کے سفر سے گریز کی ہدایت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت اور پاکستان کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو ان دونوں ممالک کے سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ایڈوائزری میں دہشت گردی، مسلح تصادم، جرائم اور جنسی حملوں کے خدشات کو بنیاد بنایا گیا ہے۔
محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت میں دہشت گرد کسی بھی وقت بغیر وارننگ کے حملے کر سکتے ہیں، خاص طور پر سیاحتی مقامات، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ بھارت میں جرائم، پرتشدد واقعات اور جنسی حملوں میں اضافے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، جن پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
ایڈوائزری میں پاک بھارت سرحد اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریبی علاقوں کو بھی حساس قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہاں دونوں ممالک کی افواج کی بھاری نفری موجود ہے اور کسی بھی وقت مسلح تصادم کا خدشہ ہے۔
امریکی شہریوں کو ان علاقوں کے سفر سے مکمل طور پر اجتناب برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ ان کی سلامتی کو ممکنہ خطرات سے بچایا جا سکے۔





