نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت یکطرفہ طورپر سندھ طاس معاہدہ منسوخ نہیں کرسکتا ، ہم اپنے حصے کا ایک بوند پانی بھی نہیں چھوڑینگے ۔
تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان ہر سطح پر مکمل الرٹ ہے، اور اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی جارحیت کی تو اسے بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات ’’علاقائی مکالمہ 2025‘‘کے عنوان سے اسلام آباد میں منعقدہ ایک اہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنے حصے کے ایک ایک بوند پانی کا تحفظ کرے گا، اور کسی کو بھی اس پر قبضہ جمانے یا روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا، اور اگر اس نے ایسا قدم اٹھایا تو یہ اقدام اعلان جنگ کے مترادف ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ماضی میں بھارت کی جانب سے پھیلائی گئی کئی سازشوں کو لمحوں میں ناکام بنا چکا ہے، اور آئندہ بھی قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
پیلگام واقعے پر بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے بھارتی الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس واقعے میں کسی بھی صورت ملوث نہیں، اور بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے جھوٹا پروپیگنڈہ کیا ہے۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ بھارت کی جانب سے الزامات اور آبی جارحیت جیسے اقدامات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں، اور عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔





