لندن: نوبل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی نے غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی برادری کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ملالہ یوسف زئی نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک پوسٹ کا عکس شیئر کیا، جس میں بتایا گیا تھا کہ اسرائیلی ناکہ بندی کے باعث غزہ کے بچے بھوک کا شکار ہو رہے ہیں اور مریض دم توڑ رہے ہیں۔
ملالہ نے اس صورتحال کو دل دہلا دینے والا قرار دیا اور کہا کہ معصوم فلسطینی بچوں کو بھوک اور موت کے خطرناک بحران کا سامنا ہے۔
ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ وہ ان بچوں کی حفاظت اور روشن مستقبل کے لیے دعا گو ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتی ہیں کہ فوری طور پر غزہ میں امداد کی فراہمی ممکن بنائی جائے اور مستقل جنگ بندی کی جائے۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے 2 مارچ کو جنگ بندی کے دوران غزہ میں ہر قسم کی امداد کے داخلے پر پابندی عائد کی تھی، جو تاحال برقرار ہے۔ اس پابندی کے باعث غذائی بحران مزید سنگین ہو چکا ہے، جہاں فاقہ کشی سے تقریباً تین لاکھ بچے موت کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں، جبکہ ساڑھے تین ہزار سے زائد شیر خوار بچوں کی زندگیاں بھی شدید خطرے سے دوچار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : یو این سیکرٹری جنرل کا پاکستان اور بھارت کو جنگ سے گریز کرنے کی تلقین
غذائی امداد کی نگرانی کرنے والی عالمی تنظیم اوکسفیم نے اسرائیلی اقدامات اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کو غزہ کے بچوں کی حالتِ زار کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔