ہمارا دشمن مکار اور بدنیت ہے، مسلح افواج ہر چیلنج سے نمٹنے کو تیار ہیں، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ہمارا دشمن مکار اور بدنیت ہے، جو پاکستان کو نقصان پہنچانے کے موقع کی تلاش میں رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے مس ایڈونچر کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور ہم نے پہلے ہی اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دشمن کے ہر اقدام کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان نے کبھی پہل نہیں کی اور نہ ہی جارحیت کو بڑھایا۔ پاکستان ہمیشہ اپنے دفاع میں مضبوط رہا ہے اور کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، اور امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم نے برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات کی اور اس سے پہلے سفیروں سے بھی ملاقاتیں کیں، تاکہ پاکستان کا موقف دنیا کے سامنے مضبوطی سے پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں کشمیر کا کیس اٹھایا ہے، اور پاکستان کا کیس بہت مضبوط ہے۔

عطا تارڑ نے بھارت میں اینٹی مودی سینٹی منٹ کی بڑھتی ہوئی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں مودی سرکار کے خلاف بات ہو رہی ہے اور انہیں کشمیر کے معاملے میں ناکامی کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پہلگام واقعہ پر دفاع نہیں کر سکا اور اس کی ناکامی سے کشمیر کے حوالے سے اس کے موقف کو مزید کمزور کر دیا ہے۔

سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اس معاہدے پر بہت مضبوط مقدمہ ہے، اور پاکستان اسے مضبوطی سے دفاع کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں : ہم نہیں تو کچھ بھی نہیں بچے گا، خواجہ آصف کا بھارت کو دو ٹوک پیغام

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر قومی سطح پر اس معاملے پر متحد آواز آئی ہے، اور بھارت اس معاہدے کو یکطرفہ طور پر ختم کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

عطا تارڑ نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو بریفنگ میں شامل نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ پی ٹی آئی پر تنقید نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب بھارت کے خلاف ایک ہیں، اور ہمیں آپس کے اختلافات بعد میں حل کرنا چاہئیں۔

Scroll to Top