ساتھی دو سالوں سے جیلوں میں ہیں،ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور اب ہمیں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں، شیخ وقاص

بریفنگ کے بجائے قوم کو اکٹھا کرنے کی ضرورت تھی، شیخ وقاص اکرم

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں محض بریفنگ دینا کافی نہیں تھا، حکومت کو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلا کر پوری قوم کو یکجا کرنا چاہیے تھا۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص نے کہا کہ حکومت کو قومی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ قیادت فراہم کرنی چاہیے، لیکن وہ اس میں ناکام نظر آ رہی ہے۔

شیخ وقاص نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بریفنگ سے زیادہ معلومات تو عالمی میڈیا جیسے فاکس نیوز اور دیگر ذرائع سے مل جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس ملکی مسائل کے حل کے لیے درکار قیادت کی اہلیت نہیں ہے۔

سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے سابق وزیر اعظم عمران خان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے جیل سے بیٹھ کر بھارت کو للکارا، جس کے بعد بھارت کو عمران خان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ تک بند کرنا پڑا۔

شیخ وقاص نے سوال کیا کہ کیا بھارت نے شہباز شریف، مریم نواز، زرداری یا بلاول بھٹو کا کوئی سوشل میڈیا اکاؤنٹ بند کیا؟ انہوں نے کہا کہ بھارت ان رہنماؤں کو سنجیدہ ہی نہیں لیتا۔

شیخ وقاص نے مزید کہا کہ عمران خان ہی پی ٹی آئی کی پہچان ہیں اور اگر حکومت قومی اتحاد چاہتی ہے تو اسے عمران خان کو بھی ساتھ بٹھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو مودی کے خلاف پرچی پڑھنے کے بھی قابل نہیں، اور ان کے ساتھ بیٹھانے والی قوتیں کچھ اور ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پہلگام واقعہ پراسرار، بھارت کی نئی چال ہو سکتی ہے، احسن اقبال

شیخ وقاص نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی فالس فلیگ آپریشنز کا ماہر ہے اور اب وہ راہول گاندھی کو انگیج کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 2019 میں مار کھائی تھی اور اگر دوبارہ غلطی کی، تو پھر جواب بھی ویسا ہی ملے گا۔

اس موقع پرریٹائرڈ ایئرکموڈور خالد محمود چشتی نے بھی گفتگو کی اور کہا کہ پاک فضائیہ کی ٹیکنالوجی ہمیشہ عالمی سطح پر آگے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے پاس بھارتی رافیل طیاروں سے زیادہ بہتر میزائل رینج موجود ہے، اور ہماری فضائیہ کا فلیٹ رافیل طیاروں کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہے۔

Scroll to Top