حمد اللہ خان
ہری پور: پریزنز اسٹاف ٹریننگ اکیڈمی ہری پور میں تمباکو کنٹرول سیل خیبر پختونخوا کے تعاون سے ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد تمباکو نوشی اور نئی تمباکو مصنوعات (NNPs) سے جڑے چیلنجز اور قوانین کے نفاذ پر روشنی ڈالنا تھا۔
سیمینار کا اہتمام اکیڈمی کی کمانڈنٹ محترمہ فوزیہ تاج کی قیادت میں پروموشن ٹریننگ کورس کے شرکاء کے لیے کیا گیا۔
سیمینار میں محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے تمباکو کنٹرول سیل کے پراجیکٹ کوآرڈینیٹر محمد اجمل شاہ نے خصوصی شرکت کی اور تمباکو اور اس سے متعلقہ جدید مصنوعات جیسے الیکٹرانک سگریٹس، ویپس، اور نیکوٹین پاؤچز کے مضر صحت اثرات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے اس حوالے سے پاکستان میں رائج قوانین اور پالیسیوں پر بھی روشنی ڈالی۔
اکیڈمی کی کمانڈنٹ فوزیہ تاج اور آغاز ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن ہری پور کی ڈائریکٹر ساجدہ ملک نے بھی سیمینار سے خطاب کیا اور تمباکو نوشی سے جڑی صحت کی پیچیدگیوں، بڑھتی ہوئی اموات، اور روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
سیمینار کے دوران نوجوانوں میں نیکوٹین کے استعمال میں اضافے، تمباکو انڈسٹری کی گمراہ کن مارکیٹنگ اور موجودہ قوانین کو مزید مؤثر بنانے کے پہلوؤں پر بھی گفتگو کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ہری پور کی پراپرٹی ٹیکس کی عدم ادائیگی پر کارروائی
اختتام پر مقررین نے پالیسی اصلاحات، میڈیا کی اخلاقی ذمہ داری اور کمیونٹی کی بھرپور شمولیت جیسے عملی اقدامات پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمباکو نوشی کے خلاف جنگ میں تمام اسٹیک ہولڈرز کا تعاون جاری رکھا جائے گا۔