پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کی مہم کامیابی سے جاری ہے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 13,117 غیر قانونی غیر ملکی باشندے، جن میں بڑی تعداد افغان شہریوں کی ہے، کو ملک بدر کیا جا چکا ہے۔
اس مہم کے تحت 13,187 افراد کو مختلف ہولڈنگ سنٹرز میں منتقل کیا گیا، جب کہ اس وقت بھی 70 افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں اور قانونی کارروائی کے منتظر ہیں۔
اس مقصد کے لیے لاہور میں 5 اور پنجاب بھر میں 46 ہولڈنگ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ ان سنٹرز میں افراد کی رجسٹریشن، ابتدائی جانچ اور قانونی مراحل مکمل کیے جا رہے ہیں۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) پنجاب کا کہنا ہے کہ انخلا کے اس عمل میں بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری کی جا رہی ہے اور تمام اقدامات انسانی حقوق کے تقاضوں کے مطابق انجام دیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انخلا کے دوران سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ کسی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے، جبکہ یہ بھی یقینی بنایا جا رہا ہے کہ کسی بھی فرد کو غیر ضروری تکلیف نہ پہنچے۔
یہ بھی پڑھیں غیر قانونی افغان باشندوں کی واپسی میں تیزی، 5 لاکھ 30 ہزار سے زائد وطن واپس بھیجے گئے
حکام کے مطابق یہ مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک تمام غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کی شناخت اور انخلا مکمل نہیں ہو جاتا۔