وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کراچی-چمن قومی شاہراہ (N-25) کی تعمیر اور اپ گریڈیشن پر اہم جائزہ اجلاس ہوا ۔
اجلا س میں کراچی چمن شاہراہ کو بہترین معیار کی ایکسپریس وے میں بدلنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کو منصوبے کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ 790 کلومیٹر طویل کراچی-چمن شاہراہ کو ایکسپریس وے کے طور پر تعمیر کیا جائے گا جو کہ 4 لینز پر مشتمل دو رویہ سڑک ہوگی۔
شاہراہ پر فنڈنگ کی کمی کے باعث کام تعطل کا شکار تھا تاہم حکومت کے پیٹرولیم مصنوعات کی کمی کا فائدہ بلوچستان کی جانب منتقل کرنے کے فیصلے کی وجہ سے فنڈنگ کے مسائل حل ہو گئے ہیں۔
بریفننگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے خضدار-مستونگ سیکشن پر کام کا آغاز کر دیاگیا ہے ،کراچی تا خضدار کے پانچ سیکشنز کی تعمیر کے حوالے سے حکمت عملی بنائی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی تعمیر کا معیار موٹر وے جیسا ہونا چاہئے،کراچی-چمن شاہراہ کی اپ گریڈیشن صوبہ بلوچستان کی سماجی اور معاشی ترقی و خوشحالی کے لئے انتہائی ضروری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کو ترجیح بناتے ہوئے پچھلے ماہ پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کی بجائے اس بچت کو کراچی-چمن شاہراہ کی اپ گریڈیشن پر صرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اس فیصلے میں پاکستان کے تمام صوبوں نے تعاون کیا جو وفاق کے اتحاد کی نشانی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ کراچی تا چمن سفر کا جو کہ آجکل 18 گھنٹے میں طے ہوتا ہے اس ایکسپریس وے کی تعمیر کے بعد 6 سے 8 گھنٹے تک محدود ہوجائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھاکہ کراچی -چمن ایکسپریس وے سے نا صرف مسافر مستفید ہوں گے بلکہ ٹرانسپورٹ اور تجارت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ منصوبے کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا اور اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،اس ایکسپریس وے کو 2 سال کی مدت میں ہر حال میں مکمل کیا جائے۔
وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو ایکسپریس وے کے لئے زمین کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے متعلقہ محکموں سے تعاون کی ہدایت کی ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کی سہولت کے لئےایکسپریس وے پر آنے والے تمام بڑے شہروں پر بائی پاسز تعمیر کئے جائیں ۔
یہ بھی پڑھیں:چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی زیر صدارت پراونشل ایکشن پلان کا پہلااجلاس
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبہء بلوچستان کی تعمیر و ترقی خصوصاً کراچی -چمن شاہراہ کی تعمیر اور اپ گریڈیشن میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔





