بزدل بھارت نے پاکستان میں 3 جگہوں پر میزائل داغے ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ بھارت نے رات گئے پاکستان کے تین شہروں  کوٹلی، مظفرآباد اور بہاولپور پر میزائل حملہ کیا ہے۔ انہوں نے اس حملے کو “بزدلانہ اقدام” قرار دیا جو بھارت نے اپنی فضائی حدود سے کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی حملے میں نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، جبکہ پاک فضائیہ فوری طور پر متحرک ہو گئی اور دشمن کے طیاروں کو پاکستانی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اس اشتعال انگیزی کا وقت کے تعین کے بعد بھرپور جواب دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا یہ حملہ نہ صرف پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہے بلکہ خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے کی دانستہ کوشش بھی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور قوم کو اعتماد رکھنا چاہیے کہ افواجِ پاکستان ہر محاذ پر چوکس اور تیار ہیں۔

میزائل حملے کے بعد ملکی سیکیورٹی ادارے ہائی الرٹ پر ہیں، جب کہ دفتر خارجہ اور اعلیٰ حکام کی جانب سے عالمی برادری کو بھی اس صورتحال سے آگاہ کیے جانے کی توقع ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بھارت کی جانب سے آج رات کیے گئے بزدلانہ میزائل حملے میں بہاولپور کی مسجد سبحان کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک معصوم بچہ شہید جبکہ ایک خاتون اور ایک مرد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بھارت نے رات کے اندھیرے میں شہری آبادی اور مذہبی مقام کو نشانہ بنا کر نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی ہے بلکہ انسانیت سوز جرم کا ارتکاب بھی کیا ہے۔ حملے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور دشمن کو اس حملے کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جا رہا ہے۔

حملے کے بعد پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر حرکت میں آ گئے، جبکہ فضائی نگرانی بھی سخت کر دی گئی ہے۔ قومی سلامتی کے ادارے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں، اور عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور سرکاری اطلاعات پر اعتماد کریں۔

Scroll to Top