بھارتی جارحیت کے بعد ایوی ایشن الرٹ، فضائی حدود 48 گھنٹوں کے لیے بند

اسلام آباد: پاکستان نے قومی سلامتی اور حفاظتی وجوہات کی بنیاد پر اپنی فضائی حدود کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔

 یہ فیصلہ ابتدائی طور پر 48 گھنٹوں کے لیے نافذ کیا گیا ہے، جس کے تحت ملک بھر کی تمام اندرون و بیرون ملک پروازیں منسوخ یا متبادل ایئرپورٹس کی جانب ری ڈائیورٹ کر دی گئی ہیں۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن مکمل طور پر معطل کر دیا گیا ہے، اور تمام مسافروں کو فوری طور پر ایئرپورٹ چھوڑنے اور گھروں کو واپس جانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ سول ایوی ایشن حکام کے مطابق، فضائی بندش کے پیش نظر سعودی ایئرلائن کی پرواز SV 726 کو اسلام آباد کی بجائے کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق تمام بین الاقوامی اور مقامی پروازوں کو کراچی ایئرپورٹ پر موڑ دیا گیا ہے تاکہ پروازوں کی روانگی اور آمد کے عمل کو بغیر کسی مزید خلل کے جاری رکھا جا سکے۔ کراچی ایئرپورٹ کو اس وقت مرکزی فلائٹ ہب کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے، اور فضائی حدود کی بحالی یا اس میں توسیع سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل حالات کا جائزہ لینے کے بعد طے کیا جائے گا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر سیکیورٹی ادارے مسلسل رابطے میں ہیں اور فلائٹ آپریشنز کی بحالی کے لیے حالات کا باریک بینی سے مشاہدہ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بزدل بھارت نے پاکستان میں 3 جگہوں پر میزائل داغے ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر

عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ سفر سے متعلق معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائنز یا سول ایوی ایشن کے ذرائع سے رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top