اسلام آباد: بھارت کی جانب سے بزدلانہ میزائل حملوں کے نتیجے میں احمد پور میں 12 شہری زخمی جبکہ آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی میں 2 افراد شہید ہو گئے ہیں۔ پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر نے ان نقصانات کی تصدیق کر دی ہے۔
ترجمان کے مطابق بھارت نے اپنی فضائی حدود سے پاکستان کے پرامن شہری علاقوں کو نشانہ بنایا، جو نہ صرف جنگی جنون کا مظہر ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ حملے کے بعد ریسکیو ٹیمیں اور سیکیورٹی ادارے موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اس جارحیت کا مؤثر جواب دے گا اور وقت کے تعین کے ساتھ دشمن کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ پرسکون رہیں، افواجِ پاکستان ملک کے دفاع کے لیے مکمل تیار اور چوکس ہیں۔
اس واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جبکہ پاکستان نے عالمی برادری کو بھارتی اشتعال انگیزی سے آگاہ کرنے کے لیے سفارتی رابطے تیز کر دیے ہیں۔





