اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے موجودہ صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مکار دشمن نے پاکستان کے پانچ مختلف مقامات پر بزدلانہ حملہ کیا ہے، جس کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان بھارت کی مسلط کردہ اس جنگی جارحیت کا جواب دینے کا مکمل حق رکھتا ہے، اور افواجِ پاکستان پوری قوت سے اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، اور قوم کا مورال اور جذبہ پہلے سے کہیں زیادہ بلند ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج اور غیور قوم دشمن کی ہر سازش اور حملے کا مقابلہ کرنا بخوبی جانتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کو اپنے مزموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملکی خودمختاری، سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پاکستان ہر قیمت پر اپنی سرزمین کا دفاع کرے گا۔





