لاہور: بھارت کی جانب سے پاکستان پر بزدلانہ حملے کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، پنجاب پولیس اور طبی عملے کو فوری طور پر اپنی ڈیوٹی پر رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ کو شہری دفاع کے لیے 24 گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سول ڈیفنس کے تمام وسائل کو متحرک کر دیا گیا ہے جبکہ سائرن اور وارننگ سسٹمز کو ایکٹیویٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت آگاہی دی جا سکے۔
مشرقی سرحد پر سنگین سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز کو مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے اور صوبے بھر کے کنٹرول رومز کو محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کر دیا گیا ہے۔
شہری دفاع کے لیے قائم شیلٹرز کی نشاندہی اور انہیں فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ نے تربیت یافتہ شہری دفاعی رضاکاروں کو بھی فیلڈ میں متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
عوامی خدمات، ہسپتالوں، اور مواصلاتی نظام کو مکمل طور پر فعال رکھنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور دفاع وطن کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔





