ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے فوری رابطہ کیا ہے۔
اماراتی وزیر خارجہ نے زور دیا ہے کہ موجودہ تناؤ کو افہام و تفہیم اور تعمیری مکالمے کے ذریعے حل کیا جائے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے دونوں فریقین پر زور دیا کہ وہ ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جو مزید کشیدگی کو جنم دے یا حالات کو قابو سے باہر کر دے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے صبر، سفارتی روابط اور مثبت مذاکرات ناگزیر ہیں، اور متحدہ عرب امارات ہر ممکن سفارتی تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
اماراتی وزیر خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بھارت ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے، کشیدگی کو کم کریں گے اور انسانی جانوں کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا پاکستان اور بھارت سے تحمل سے کام لینے کا مطالبہ
متحدہ عرب امارات نے اپنے سفارتی مشنز کو بھی پاکستان اور بھارت میں متحرک کر دیا ہے تاکہ زمینی صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا سکے۔





