چورا کمپلیکس پر بھارتی فوج کا سفید جھنڈا، پاک فوج کے بھرپور وار پر دشمن نے ہتھیار ڈال دیے۔
تفصیلات کے مطابق دشمن کی جانب سے رات گئے بزدلانہ حملوں کے بعد پاک فوج کے مؤثر اور شدید جوابی کارروائی نے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، لائن آف کنٹرول کے چورا کمپلیکس پر بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا دیا ہے، جو دشمن کی پسپائی اور شکست کا واضح ثبوت ہے۔
ذرائع کے مطابق، چورا کمپلیکس پر موجود بھارتی چیک پوسٹوں کو پاک فوج نے مؤثر نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ جوابی حملوں کے بعد بھارتی فورسز نے حملہ روک کر سفید پرچم لہرا دیا جو کہ عالمی جنگی قوانین کے مطابق ہتھیار ڈالنے یا جنگ بندی کی علامت ہے۔
اس سے قبل بھارتی افواج نے رات کی تاریکی میں بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد میں بزدلانہ میزائل حملے کیے تھے، جس کے جواب میں پاکستان نے نہ صرف 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے بلکہ کئی اہم دشمن چیک پوسٹوں اور بریگیڈ ہیڈکوارٹرز کو بھی نشانہ بنایا۔
پاکستانی فضائیہ اور بری فوج کی جانب سے کی گئی ان کارروائیوں کے بعد بھارتی میڈیا نے بھی اعتراف کیا ہے کہ ان کے طیارے تباہ ہوئے ہیں، اور جنگی نقصانات کا سلسلہ جاری ہے۔
پاک فوج کے ترجمان کے مطابق، دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے قوم کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں۔ دشمن کو یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، مگر کمزور ہرگز نہیں۔





