ملک کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنائینگے، افواجِ پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں، علی امین گنڈاپور

ملک کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنائینگے، افواجِ پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں، علی امین گنڈاپور

علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بھارت کی بلااشتعال جارحیت نہ صرف پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہے بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ بھی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھارت کی حالیہ جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، اور خیبر پختونخوا حکومت افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بھارت کی بلااشتعال جارحیت نہ صرف پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہے بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس وقت متحد ہے اور ہر پاکستانی سپاہی کے ساتھ کھڑا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت بین الصوبائی یکجہتی کے جذبے کے تحت وفاقی حکومت سے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو امدادی سامان، طبی ٹیمیں اور رضاکارانہ عملہ بھی فوری طور پر مہیا کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، اور ہماری بہادر افواج نے ہمیشہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ اس نازک صورتحال میں قوم کو اتحاد، یکجہتی اور صبر کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ افواہوں سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں، کیونکہ یہ وقت جذبات سے نہیں بلکہ ہوش مندی اور قومی ذمہ داری سے کام لینے کا ہے۔

Scroll to Top