افواج پاکستان بھارت کے ہر ناپاک منصوبے کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستانی ایف-16 اور جے ایف-17 طیاروں کو گرائے جانے کے دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بیہودہ اور جھوٹی قرار دے دیا ہے۔

اپنے بیان میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا جھوٹ اور من گھڑت خبروں کے ذریعے خود کو دھوکہ دے رہا ہے، لیکن ایسی حرکتیں اسے کہیں کا نہیں چھوڑیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے بے بنیاد دعوے بھارتی بوکھلاہٹ اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا پر پاکستانی ایف-16 گرانے کی خبر سفید جھوٹ اور فیک نیوز ہے۔ ذرائع کے مطابق آج ہیروپ ڈرون حملوں کی ناکامی کے بعد بھارت مزید اضطراب اور بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پے در پے ناکامیوں نے بھارت کو ذہنی طور پر مفلوج اور الجھن میں مبتلا کر دیا ہے، جس کے بعد وہ راجستھان، پٹھان کوٹ اور مقبوضہ کشمیر جیسے علاقوں میں فرضی حملوں کا ڈرامہ رچا کر پاکستان کے خلاف جارحیت کا جواز گھڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : معروف فرانسیسی اخبار نےبھارتی فضائیہ کی نااہلی کاپول کھول دیا

سیکیورٹی حکام نے واضح کیا کہ افواج پاکستان بھارت کے کسی بھی ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

Scroll to Top