مودی کا گودی میڈیا جھوٹ اور پروپیگنڈے میں ہر حد پار کر چکا ہے افسانے گھڑنے میں اس نے ہالی ووڈ کی فلمی دنیا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حمایت یافتہ میڈیا جنہیں عام طور پر “گودی میڈیا” کہا جاتا ہے، نے حالیہ دنوں میں جھوٹ اور افسانہ سازی کی نئی مثالیں قائم کر دی ہیں۔ جنگی جنون میں مبتلا بھارتی میڈیا ہاؤسز نے اپنی صحافتی حدود کو اس قدر پیچھے چھوڑ دیا ہے کہ سچ اور جھوٹ میں تمیز مشکل ہو گئی ہے۔
زی نیوز نے دعویٰ کیا کہ بھارتی افواج نے اسلام آباد پر قبضہ کر لیا ہے، اے بی پی نیوز نے جھوٹ گھڑتے ہوئے کہا کہ پاکستانی آرمی چیف کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ ٹائمز ناؤ نے دعویٰ کیا کہ بھارتی فوج سرحد پار کر چکی ہے، دی ہندو نے تو تین پاکستانی طیاروں کے تباہ ہونے کی خبر دے دی لیکن چند گھنٹوں بعد ہی یہ بات سامنے آ گئی کہ پاکستانی طیارے فضا میں موجود ہی نہیں تھے جس سے بھارتی میڈیا کی خبر جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئی۔
گودی میڈیا نے صحافت کو پروپیگنڈا کا ہتھیار بنا دیا ہے جو نہ صرف عوام کو گمراہ کر رہا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھارت کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر گودی میڈیا پر سخت تنقید کی جا رہی ہے، مختلف میمز بھی بنائے جا رہے ہیں، صارفین نے طنزیہ انداز میں کہا کہ مودی کا میڈیا جھوٹ گھڑنے میں اب ہالی ووڈ کی فلمی دنیا کو بھی پیچھے چھوڑ چکا ہے۔
ریٹنگز کی دوڑ میں اندھے بھارتی میڈیا نے حال ہی میں ڈی جی آئی ایس پی آر سے منسوب ایک جعلی ویڈیو بھی نشر کی، جو AI کے ذریعے تیار کی گئی تھی، اس ویڈیو کے ذریعے بھارتی عوام کو ایک اور جھوٹ پر مبنی بیانیہ بیچنے کی کوشش کی گئی جسے بعد ازاں ماہرین اور ذرائع ابلاغ نے بے نقاب کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کا پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ میں مداخلت نہ کرنے کا اعلان
بھارتی میڈیا کا یہ رویہ نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ جنوبی ایشیا میں کشیدگی کو مزید ہوا دینے والا بھی ہے، جس پر عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔





