پہلگام فالس فلیگ واقعہ بے نقاب ہونے اور سوشل میڈیا پر عوامی ردعمل کے بعد بھارتی حکومت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے۔
اپنی ناکامی چھپانے اور خفت مٹانے کے لیے بھارتی حکومت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دباؤ ڈالتے ہوئے 8000 سے زائد اکاؤنٹس بلاک کرنے کا ایگزیکٹو آرڈر جاری کر دیا۔”
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے اسے اپنے پلیٹ فارم پر بھارت میں 8,000 سے زائد اکاؤنٹس بلاک کرنے کا حکم دیا ہے، تاہم کمپنی ان احکامات سے متفق نہیں ہے لیکن حکومت کے احکامات پر عمل کرنا شروع کر دیا ہے۔
ایکس کی انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ بھارتی حکام نے اس حکم میں بین الاقوامی میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا ایکٹوئسٹ کے اکاؤنٹس پر بھی پابندیاں عائد کیں۔
ایکس انتظامیہ کے مطابق بھارتی حکام کی جانب سے اکاؤنٹس کی بندش کے لیے نہ تو کوئی وضاحت فراہم کی گئی ہے اور نہ ہی قانونی جواز پیش کیا گیا ہے۔
ایکس انتظامیہ نے اس بات پر زور دیا کہ زیادہ تر بھارتی احکامات میں اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ یہ اکاؤنٹس کس بھارتی قانون کی خلاف ورزی کر رہے تھے،انتظامیہ نے کہا کہ کثیر تعداد میں اکاؤنٹس کی بندش کی کوئی معقول وجہ نظر نہیں آتی۔
یہ بھی پڑھیں: مودی حکومت کی ناکامی چھپانے کیلئے بھارتی میڈیا کا جعلی حملوں کا ڈرامہ بے نقاب
ایکس انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اکاؤنٹس کی مکمل بندش آزادی اظہار رائے پر حملہ ہے اور وہ تمام قانونی راستے تلاش کر رہے ہیں، ایکس نے صارفین کو مشورہ دیا کہ وہ اس معاملے پر عدالت سے رجوع کریں۔





