پاکستان کی فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی متعدد پوسٹوں کو تباہ کر دیا۔
پاکستان کی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی مزید دو پوسٹوں کو کامیابی کے ساتھ تباہ کر دیا ہے، پاک فوج نے حاجی پیر سیکٹر میں بھارتی فوج کی رِنگ کنٹوئر پوسٹ اور پوکران مارٹر بگھسر پوسٹ کو نشانہ بنایا، جو دشمن کی اہم پوزیشنیں تھیں۔
اس سے پہلے بھی پاک فوج نے دشمن کی متعدد پوسٹوں کو تباہ کیا تھا جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ان تازہ حملوں سے بھارتی فوج کی پوزیشن مزید کمزور ہو چکی ہے اور اس کا اثر بھارتی فوج کی عمومی کارروائیوں پر بھی پڑ رہا ہے۔
پاک فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر کی جانے والی حالیہ کارروائیوں میں بھارت کی تین مزید پوسٹوں کو تباہ کیا گیا ہے، کیلر سیکٹر میں دشمن کی مہیری پوسٹ خالصہ ٹاپ کو تباہ کیا گیا جبکہ رکھ چکری سیکٹر میں دنا ٹاپ اور ماؤنڈ پوسٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا، ان حملوں نے بھارتی فوج کو شدید جانی اور مادی نقصان پہنچایا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا دفاعی نظام بھارتی ڈرونز کو تباہ کرنے میں کامیاب، 6 ڈرونز مار گرائے
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے تازہ ترین حملوں میں دشمن کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، ان پے در پے کارروائیوں کی وجہ سے بھارتی فوج بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے اور ان کے لیے اپنی پوزیشن کو سنبھالنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔





