بھارت کی مسلسل فضائی خلاف ورزیوں کے جواب میں پاک فوج نے دشمن کے عزائم کو ناکام بناتے ہوئے اب تک مجموعی طور پر 77 بھارتی ڈرونز کو مار گرایا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 8 مئی کی شام تک 29 بھارتی ڈرونز کو تباہ کیا گیا جب کہ گزشتہ رات سے آج دن تک مزید 48 ڈرونز گرائے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ڈرونز گرانے کی مجموعی تعداد 77 ہو گئی ہے جو دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ایئر ڈیفنس نے اسرائیلی ساختہ 6 بھارتی ڈرونز کو بھی کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا، جن میں ایک ڈرون وہاڑی، ایک پاکپتن اور چار اوکاڑہ کے علاقے میں مار گرائے گئے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے دشمن کی سرگرمیوں کو مسلسل ریڈار پر مانیٹر کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، ہر ڈرون کی بروقت نشاندہی اور تباہی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا ایئر ڈیفنس سسٹم نہ صرف موثر ہے بلکہ شہری آبادی اور کمرشل پروازوں کے درمیان بھی محفوظ اور درست آپریشن کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا دشمن کو منہ توڑ جواب، لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی مزید پوسٹیں تباہ
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کے ہر حملے کو ناکام بنانا اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان کا دفاعی نظام مکمل طور پر فعال، مربوط اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔





