قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول، بلاجواز اور عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیا۔
عمر ایوب نے کہا کہ نریندر مودی کے ہاتھ بھارتی گجرات کے معصوم مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور آج وہی فسطائی سوچ پورے خطے کو تباہ کن راستے پر دھکیل رہی ہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی سرکار اس وقت آگ سے کھیل رہی ہے اور مودی کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔
عمر ایوب خان نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران کہا کہ بھارت کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی میزائل حملے غیر ذمہ دارانہ اور بلاجواز ہیں، اور ان سے خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے زخمی ہونے والے شہریوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے جھوٹے بیانیے کے پیچھے چھپی حقیقت کو سمجھے اور جنوبی ایشیا میں امن و انصاف کے لیے آواز بلند کرے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ایک جوہری خطے میں مہم جوئی کرکے تباہ کن راستے پر گامزن ہے۔ اسے نہ انسانی جانوں کی پروا ہے، نہ بین الاقوامی اصولوں کی۔ شہری فضائی حدود کو نشانہ بنا کر بھارت نے خود کو ایک غیر ذمہ دار اور خطرناک ریاست ثابت کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فوج کی گولہ باری، نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا جانے لگا
عمر ایوب خان نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان بھارتی جارحیت پر اقوام متحدہ، عالمی عدالت انصاف اور دیگر عالمی اداروں سے فوری رجوع کرے اور مؤثر آواز بلند کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی بینک کو بھی بھارتی جارحیت سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے اور ہماری افواج اور فضائیہ دنیا کی بہترین فورسز میں شمار ہوتی ہیں، جو دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔





