ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہےکہ پاکستان بھارت کے پہلگام واقعے سے متعلق تمام تر بے بنیاد الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔
ترک میڈیا ٹی آر ٹی سے گفتگوکرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت ہمیشہ دہشتگردی کی ذمہ داری پاکستان پر ڈال کر اس سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہے، اس بار بھی بھارت نے پاکستان پر بغیر ثبوت الزام لگائے ہیں، اب یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد حکومت پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور بھارت کو آزادانہ اور غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی لیکن بھارت نے پاکستان کی یہ پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان میں 6 مختلف مقامات پر حملے کر کے عام شہریوں کو نشانہ بنایا، بھارت نے مسجد پر بمباری کی، خواتین اور بچوں کو شہید کیا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی ردعمل کے خوف سے بھارتی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار، آئی پی ایل ایک ہفتے کے لیے ملتوی
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ بغیر کسی قابل اعتبار ثبوت کیا، پاکستان ان بے بنیاد الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے، بھارت سے مطالبہ ہے کوئی ثبوت ہیں تو کسی غیر جانبدار ملک کو پیش کرے۔





