پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10کے باقی 8میچز ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایل او سی کی صورتحال مزید خراب ہوئی ہے، 78 ڈرونز نے دراندازی کی ہے اور بھارت کی جانب سے زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے مشورے پر کیا گیا ہے، جنہوں نے بھارت کی جانب سے بڑھتی ہوئی جارحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ رائے دی، اس وقت پوری قوم کی توجہ اور جذبات بجا طور پر ان بہادر مسلح افواج کی طرف ہیں جو پاکستان کی خودمختاری کا بھرپور دفاع کر رہی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق پی سی بی اور تمام کھلاڑی شہداء کے اہلِ خانہ اور مادرِ وطن کے دفاع میں مصروف سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی کوششیں ناکام ،آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے اگلی قسط کی منظوردے دی
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پی سی بی اپنے تمام شراکت داروں، فرنچائزز، کھلاڑیوں، براڈکاسٹرز، اسپانسرز اور منتظمین کی کوششوں اور تعاون کا اعتراف کرتا ہے جنہوں نے اب تک ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا۔





