واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کا جلد خاتمہ چاہتے ہیں۔
نیوز کانفرنس کے دوران ترجمان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور انہوں نے اس معاملے پر اظہار خیال بھی کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کے پاکستان اور بھارت دونوں کے رہنماؤں سے اچھے تعلقات ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ کشیدگی میں اضافہ نہ ہو بلکہ جلد از جلد اس کا خاتمہ ہو۔
کیرولین لیویٹ نے مزید بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اس معاملے پر خاصے متحرک ہیں اور انہوں نے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے جامع بات چیت کی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ روبیو نے پاکستان اور بھارت دونوں پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔
یہ بھی پڑھیں : ڈونلڈ ٹرمپ کی امن کی کوشش، پاکستان بھارت تنازع پر ثالثی کی پیشکش
انہوں نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ پاکستان اور بھارت کا تنازع کئی دہائیوں سے جاری ہے، تاہم امریکہ چاہتا ہے کہ یہ مسئلہ پرامن طریقے سے حل ہو۔





