چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چین ہر قسم کی دہشتگردی کی مخالفت کرتا ہے اور بھارت و پاکستان کو اپنے تعلقات میں امن اور استحکام کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کے درمیان دیرپا جنگ بندی کے لیے مشاورت اور سفارتی حل پر زور دیا ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کی حمایت جاری رکھے گا۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق، وانگ ژی نے بھارت کے ساتھ کشیدگی میں اضافے سے بچنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو اپنے مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنا چاہیے تاکہ امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب، چینی وزیر خارجہ کی بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول سے بھی گفتگو ہوئی، جس میں دوول نے کہا کہ بھارت اور پاکستان دونوں جنگ بندی کے لیے پرعزم ہیں اور اس سلسلے میں چین کی مشاورت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اجیت دوول نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ بھارت نے پہلگام حملے میں بھارتی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد دہشت گردی کے خلاف کارروائی کی، تاہم بھارت کا جنگ کا انتخاب نہیں تھا۔
چینی وزارت خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے اور بھارت و پاکستان کو اپنے تعلقات میں امن اور استحکام کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہیے۔





