اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حالیہ تقریر جھوٹ پر مبنی تھی، جس کا مقصد اپنی انتخابی شکست کی خفت مٹانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مودی کی تقریر ایک ہارے ہوئے وزیراعظم کی تقریر تھی، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت نے خود سیزفائر کی درخواست کی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے، اور اب بھارتی فضائیہ لڑنے سے انکار کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرون دہلی کی فضاؤں تک پہنچ گئے تھے، جو بھارت کی دفاعی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک افواج نے دشمن کی کمیونی کیشن کو جام کر دیا، جس نے بھارتی فوج کو شدید شرمندگی سے دوچار کیا۔
ان کے مطابق پاکستان کی عسکری کامیابی نے نہ صرف اسٹاک مارکیٹ کو بلندی پر پہنچایا بلکہ بھارتی رافیل طیارہ ساز کمپنیوں کے اسٹاکس گر گئے۔
عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی اس کامیابی نے خطے کے دیگر ممالک، خصوصاً بنگلہ دیش، مالدیپ اور دیگر ہمسایہ ریاستوں کا اعتماد بحال کیا ہے۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کشمیر پر تبصرے کو پاکستان کی سفارتی فتح قرار دیا اور کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل تک اپنی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
سندھ طاس معاہدے پر بات کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارت اس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا کیونکہ پاکستان کی قانونی پوزیشن مضبوط ہے۔
یہ بھی پڑھیں : افواج پاکستان بھارت کے ہر ناپاک منصوبے کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، عطا تارڑ
انہوں نے پانی کو پاکستان کی “لائف لائن” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
کرتارپور راہداری سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے راہداری کھلی ہے جبکہ بھارت نے اپنی طرف سے بند کر رکھی ہے، اور سکھ برادری کے مقدس مقامات کی حفاظت پاکستان کی ذمہ داری ہے۔





