چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سیاسی تناؤ میں کمی اور بانی چیئرمین کی رہائی وقت کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز کے پیشِ نظر اب سیاسی تناؤ میں کمی آنی چاہیے، اور بہتر یہی ہے کہ بانی چیئرمین کو رہا کیا جائے تاکہ قومی اتحاد کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ قوم کے ساتھ کھڑے ہو کر اتفاق اور اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد کی ہم نے حمایت کی اور اس کے بعد کوئی احتجاج بھی نہیں کیا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ہم قومی مفاہمت کے حامی ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم نے اس میں اتحاد کا پیغام محسوس کیا، اور پی ٹی آئی نے بھی اس میں بھرپور شرکت کر کے مثبت رویہ اپنایا۔
انہوں نے زور دیا کہ اگر دشمنوں اور غیروں کے ساتھ صلح ہو سکتی ہے، تو اپنوں کے ساتھ کیوں نہیں؟ قوم کی آواز بھی یہی ہے کہ اب اختلافات کا خاتمہ ہونا چاہیے۔
اپنی بات کو مزید واضح کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا’’اگر والدین کو جیل میں رکھا جائے تو بچے کب تک ساتھ دیں گے؟ ایسے حالات میں وہ کب تک خوشیاں منائیں گے اور کیوں منائیں؟‘‘
بیرسٹر گوہر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ موجودہ اتحاد اور ہم آہنگی کے ماحول سے فائدہ اٹھایا جائے اور بانی چیئرمین کو رہا کیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں کو جیل میں موجود قیادت سے ملاقات کی اجازت بھی دی جائے، تاکہ آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی جا سکے۔





