ضمانت کیلئے آئی تھی ،پتہ چلا 42 کیسز میں نامزد کردیا ،علیمہ خان

ضمانت کیلئے آئی تھی ،پتہ چلا 42 کیسز میں نامزد کردیا ،علیمہ خان

علیمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ضمانت کے لیے پشاور ہائی کورٹ آئیں، مگر عدالت پہنچنے پر انہیں معلوم ہوا کہ وہ 42 مقدمات میں نامزد ہیں۔

تفصیلات کے مطابق علیمہ خان نے پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں علم ہی نہیں تھا کہ اتنی بڑی تعداد میں مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔’’میں صرف ضمانت کے لیے عدالت آئی تھی، مگر یہاں آ کر معلوم ہوا کہ میرا نام 42 کیسز میں شامل کر دیا گیا ہے‘‘ انہوں نے حیرت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔

اس موقع پر علیمہ خان نے پارٹی کی حالیہ حکمت عملی سے متعلق بھی اہم باتیں کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پارٹی رہنما جنید اکبر کو تحریک شروع کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنید اکبر کو تحریک انصاف کے فیصلوں اور تحریک کی قیادت کا مکمل اختیار دیا گیا ہے۔

علیمہ خان کے مطابق، تحریک کا بنیادی مقصد بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان، دیگر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی رہائی کے لیے آواز بلند کرنا اور مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جنید اکبر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ چھوڑ کر خیبر پختونخوا میں تحریک پر مکمل توجہ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی اس وقت مشکل دور سے گزر رہی ہے، اور اب تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنماؤں کی جدوجہد کا نیا مرحلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔

Scroll to Top