مودی کے خطاب سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں ابھی بھی چین نہیں آیا،عمر ایوب

مودی کے خطاب سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں ابھی بھی چین نہیں آیا،عمر ایوب

عمر ایوب نے بھارتی وزیراعظم کے حالیہ خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اندازگفتگو سے واضح ہے کہ انہیں ابھی تک مکمل چین نہیں آیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے ایک بیان میں کہا ہےکہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے چار سال قبل ہی خبردار کیا تھا کہ مودی سرکار فالس فلیگ آپریشن کا سہارا لے کر اس کا الزام پاکستان پر ڈالے گی، اور آج مودی کی تقریر اس بات کا ثبوت ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اگر فاشسٹ مودی میں ہمت ہے تو وہ پاکستان پر دوبارہ حملہ کر کے دیکھ لے، پوری پاکستانی قوم اور افواج متحد ہو کر بھرپور جواب دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے روایتی الزام تراشی کی راہ پر گامزن ہے، لیکن پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے حالیہ خطاب میں پہلگام واقعے کو ظلم قرار دیا اور ایک بار پھر پاکستان پر پرانے الزامات کو دہرایا، تاہم تجزیہ کاروں کے مطابق مودی اس خطاب میں روایتی اعتماد سے محروم اور ’’آف کلر‘‘ دکھائی دیے۔

Scroll to Top