معرکہ حق ، پاک فوج کے 11جوان اور 40شہری شہید ہوئے ، آئی ایس پی آر

معرکہ حق ، پاک فوج کے 11جوان اور 40شہری شہید ہوئے ، آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر نے معرکہ حق کے دوران وطن پر قربان ہونے والے شہداء اور زخمی اہلکاروں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ بیان کے مطابق دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 11 بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا، جب کہ 78 اہلکار زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مادر وطن پر قربان ہونے والوں میں پاک فوج کے 6 اور پاک فضائیہ کے 5 اہلکار شامل ہیں۔ شہداء میں نائیک عبدالرحمان، لانس نائیک دلاور خان، لانس نائیک اکرام اللہ، نائیک وقار خالد، سپاہی عدیل اکبر اور نثار شامل ہیں۔

پاک فضائیہ کے جانبازوں میں اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینئر ٹیکنیشن نجیب سلطان، سینئر ٹیکنیشن مبشر اور کارپورل ٹیکنیشن فاروق نے بھی ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ بھارتی فورسز نے 6 اور 7 مئی کو بلااشتعال حملے کیے جن کے نتیجے میں 40 معصوم شہری شہید ہوئے، جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں۔ ان حملوں میں 27 بچوں اور 10 خواتین سمیت مجموعی طور پر 121 شہری زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانی جذبۂ حب الوطنی، جرات اور ایثار کی اعلیٰ مثال ہے۔ ان عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، جب کہ زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

بیان کے آخر میں ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اگر آئندہ کوئی جارحیت کی گئی تو اس کا ’’فیصلہ کن جواب‘‘ دیا جائے گا۔ قوم دشمن کی ہر سازش کے خلاف متحد اور پرعزم ہے۔

Scroll to Top