کوہستان مالی سکینڈل میں سیاسی لوگوں کے نام بھی سامنے آنے والے ہیں ،ایم پی اے انجینئرسجاد اللہ کاانکشاف

کوہستان سے ممبر صوبائی اسمبلی انجینئرسجاد اللہ نے کہا کہ اپر کوہستان سیکنڈل اداراتی سکینڈل ہے تاہم اس میں بعض سیاسی شخصیات کے نام سامنے آرہے ہیں۔

پختون ڈیجیٹل کے پوڈ کاسٹ میں اظہارخیال کرتے ہوئے انجینئرسجاد اللہ نے کہا کہ ایک اکاؤنٹ ہےجس میں صوبے کے چار ورکس ڈیپارٹمنٹ کے پیسے ہوتے ہیں۔لوکل گورنمنٹ ،ایریگیشن،پبلک ہیلتھ اور سی این ڈبلیوکے ٹھیکیدارصوبے بھر میں جتنے بھی تعمیراتی کام کرتے ہیں ان سے سکیورٹی لی جاتی ہے اور وہ سکیورٹی کی رقم اس اکاؤنٹ میں رکھی جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ پیسے مختلف اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرکے نکالی گئی ہیں اورڈمپر ڈرائیور کے اکاونٹ میں منتقل ہونے والے پیسوں سے انھیں دس فیصد حصہ دیا گیا ہے جبکہ باقی پیسے دیگر لوگوں میں تقسیم ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کوہستان مالی سکینڈ اگر چہ اداراتی سکینڈل ہے تاہم اس میں کچھ سیاسی شخصیات کے نام آہستہ آہستہ واضح ہورہے ہیں۔یہ اداروں اور سیاسی رہنماوں کیلئے انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ عوام کے پیسوں میں اتنے غلط طریقے سے کرپشن ہوا ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ کرپشن مختلف ادوار میں کی گئی ہے اور سب کو پتہ ہے کہ کس دور میں کس کی حکومت تھی اور کس طریقے سے پیسے نکالے گئے ہیں لیکن اس بات کی تصدیق کرسکتاہوں کہ اس کرپشن میں سیاسی لوگ کم ہیں اور اداروں کےلوگ زیادہ ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نےکہا کہ ہم نے صرف چھ سالوں کی انکوائری شروع کررکھی ہے لیکن یہ کہانی پندرہ سے بیس سالوں کی ہوگی۔نیب کی انکوائری بہت باریکی سے جاری ہےاس میں خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں چکیسر،بشام ،کوہستان اور ایبٹ آبادسےحیران کن ریکوریاں ہورہی ہیں۔گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں۔اس سکینڈل میں ریکیوریز کی باقاعدہ رپورٹس اسلئے بھی نہیں آئی کہ ملک حالت جنگ میں تھا تاہم اب آہستہ آہستہ خبریں اور ویڈیوز منظر عام پر آئیں گی ۔

ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ جس اکاونٹ سے پیسے نکالے گئے ہیں وہ اکاونٹ وزارت خزانہ کے ماتحت آتا ہے اور اس اکاونٹ کی دیکھ بھال اور ماہانہ رپورٹس کا کام اکاؤنٹنٹ جنرل کے زمہ ہے اسلئےنا تو وزارت خزانہ اور اے جی آفس کے لوگ ،نا ڈسٹرکٹ اکاونٹ افیسر اور ناہی نیشنل بینک مبرا ہوسکتاہے۔یہ سارے برابر کے زمہ دار ہیں اور یہ بہت بڑا جرم ہواہے اور جس طرح سے پی اے سی اس پر کام کررہی ہے بہت جلد اس حوالے سے مثبت خبریں سامنے آئیںگی۔

Scroll to Top