پشاور: تحصیل لوکل گورنمنٹ پبی کی تاریخی قرارداد، اسٹریٹ وینڈرز کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات

پشاورتحصیل لوکل گورنمنٹ پبی نے اسٹریٹ وینڈرز (ریڑھی بانوں) کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے ایک تاریخی قرارداد منظور کی ہے۔ یہ قرارداد تیمور کمال کی جانب سے پیش کی گئی، جسے تحصیل اسمبلی کے تمام اراکین کی متفقہ حمایت حاصل ہوئی۔
اس قرارداد میں اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ اسٹریٹ وینڈرز شہری معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، کیونکہ وہ عوام کو سستے داموں اشیاء فراہم کرتے ہیں اور خود روزگار کے مواقع پیدا کرتے ہیں۔ تاہم ان وینڈرز کو قانونی تحفظ کی کمی، جبری بے دخلی، بھتہ خوری، ناجائز جرمانوں، ہراسانی اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔

قرارداد میں اسٹریٹ وینڈرز کو شہری معیشت کا باقاعدہ اور قانونی حصہ تسلیم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ اس کے تحت وینڈرز کو لائسنس کے اجرا میں سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مخصوص وینڈنگ زونز قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے جو صاف پانی، بجلی اور صفائی جیسی بنیادی سہولیات سے آراستہ ہوں گے۔

 

قرارداد میں ایک باقاعدہ رجسٹریشن نظام متعارف کرانے کی تجویز بھی دی گئی ہے تاکہ اسٹریٹ وینڈرز کو قانونی تحفظ حاصل ہو سکے۔

اس کے ساتھ ہی ایک نگران کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز بھی دی گئی ہے، جو سرکاری اہلکاروں کے ساتھ مل کر اسٹریٹ وینڈرز کو ہراسانی سے بچائے گی اور ان کے لائسنس کے حصول میں معاونت فراہم کرے گی۔ کمیٹی کا مقصد وینڈرز کے مسائل کے حل کے لیے تنازعات کے حل کا مؤثر نظام بھی فراہم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کا پاک بھارت کشیدگی پر حکومتی بریفنگ کا بائیکاٹ، حکومتی سنجیدگی پر سوالات اٹھا دیے

نیشنل اینفلونسرز کے صدر محمد سلیمان یوسسفزئی نے اس قرارداد کو ایک عوام دوست اور اصلاحاتی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہری معیشت کے غیر رسمی شعبے سے وابستہ افراد کو تحفظ اور عزت دینے کی جانب ایک عملی پیش رفت ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیگر مقامی اور صوبائی حکومتیں بھی اس مثال کی پیروی کرتے ہوئے ایسے اقدامات اٹھائیں گی جو نچلے طبقے کو بااختیار بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

Scroll to Top