باجوڑ: وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور مبارک زیب خان کے گھر کے باہر زور دار بم دھماکہ ہوا ہے۔
واقعہ باجوڑ میں ان کی رہائش گاہ کے مرکزی گیٹ کے قریب پیش آیا، جس کے نتیجے میں گیٹ کو نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مبارک زیب خان نے اس حملے کی خود تصدیق اپنے سوشل میڈیا بیان کے ذریعے کی۔ انہوں نے کہاکہ میرے گھر کے مین گیٹ کو بم سے اڑایا گیا ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس اور سیکیورٹی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، جبکہ ابتدائی شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور اس میں استعمال ہونے والے بارودی مواد سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔





