بلاول بھٹو سے خیبر پختونخوا وفد کی ملاقات، 26 مئی کی عوامی ریلی پر بریفنگ

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے خیبرپختونخوا کے پارٹی صدر محمد علی شاہ باچہ کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی، جس میں 26 مئی کو پشاور میں ہونے والی “یکجہتی پاکستان ریلی” سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ملاقات کے دوران وفد نے چیئرمین بلاول بھٹو کو ریلی کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ احتجاجی ریلی پشاور میں کرپشن، لاقانونیت اور بڑھتی ہوئی انتہاپسندی کے خلاف عوامی آواز بلند کرنے کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔

وفد نے بتایا کہ اس ریلی کا مقصد بلدیاتی نمائندوں، کسانوں، اور دیگر پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے لیے مؤثر احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں نوکریوں سے برخاست کیے جانے والے 16 ہزار ملازمین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بھی یہ ریلی منعقد کی جا رہی ہے، جو کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے باہر ہوگی۔

بلاول بھٹو زرداری نے وفد کو پارٹی کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی حقوق، آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی۔

Scroll to Top