واشنگٹن: امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں، جو مضبوط اقتصادی شراکت داری اور خطے میں پائیدار امن و استحکام پر مبنی ہے۔یہ بات انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں باہمی تعاون اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ امریکا اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان معدنیات، زراعت اور توانائی جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں امن کے فروغ کے لیے امریکا کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ان کے مطابق بروقت امریکی مداخلت نے ماضی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں مؤثر کردار ادا کیا، جو علاقائی استحکام کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ اس دیرینہ تنازع کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی برادری کے فعال کردار کے بغیر ممکن نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بلاول بھٹو سے خیبر پختونخوا وفد کی ملاقات، 26 مئی کی عوامی ریلی پر بریفنگ
انہوں نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مسئلے کے حل میں سنجیدہ کردار ادا کریں تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی بنیاد رکھی جا سکے۔





